بھٹکل:22/جولائی (ایس اؤنیوز)خستہ حال نظام والی اندرونی نالیوں کے کام سے عوامی زندگی پربہت برے اثرات مرتب ہوتےہیں، ایسے میں جالی علاقے میں تعمیر کئے جانے والے مجوزہ اندرونی نالیوں کے صفائی مرکز کو تعمیر نہ کرنے کا مطالبہ کرتے ہوئے علاقہ کے عوام نے بھٹکل اسسٹنٹ کمشنر کے ذریعے ضلع ڈپٹی کمشنر کو میمورنڈم سونپا ہے۔
عوام نے اپنے میمورنڈم میں بتایا ہے کہ یوجی ڈی کے نظام سے ملک بھرمیں بدنظمی پھیلی ہے ، یوجی ڈی سے منسلک علاقہ کے کنوؤں کا پانی گندہ ہورہاہے ساتھ ہی مچھروں کی افزائش سے بیماریوں کے خوف بڑھتا جارہا ہے جس سے عوام میں خوف پایا جارہا ہے۔ ایسے حالات میں بھٹکل تعلقہ کے جالی علاقہ کے سروے نمبر 202 میں اندرونی نالیوں کے صفائی مرکز کی تعمیر کے لئے تیاری جاری ہے
عوام کا کہنا ہے کہ متعلقہ علاقہ مکمل رہائشی علاقہ ہے ، پاس پڑوس میں مندر ہیں، ایسے میں اگر یہاں صفائی مرکز کی تعمیرہوتی ہے تو اس کے نتیجے میں مذہبی جذبات کو بھی ٹھیس پہنچے گی ، قریب میں ہی اسکول ہونے سے بچوں کی پڑھائی ، غذا اورصحت بھی متاثر ہوگی۔ میمورنڈم میں بتایا گیا ہے کہ ان وجوہات کو سامنے رکھتے ہوئے ہم منصوبے کی سخت مخالفت اور مذمت کرتے ہیں ، میمورنڈم میں ضلعی انتظامیہ کو دھمکی دی گئی ہے کہ اگر اس کے بعد بھی مرکز کی تعمیر کے لئے سرکار آگے بڑھتی ہے تو بڑے پیمانے پر احتجاج کیا جائے گا۔
میمورنڈم پیش کرنے کے موقع پر جالی کوآپریٹیو سوسائٹی کے صدر روی نائک، جالی پنچایت ممبر گنپیا گونڈ، پی ایل ڈی بینک ڈائرکٹر منجوناتھ نائک، ناگریک ویدیکے اعزازی صدر دتاتریا نائک، ہریش نائک، گنپتی نائک، دنیش نائک، ہریش آچاری وغیرہ موجود تھے۔